ُ
کیا فرماتے ہیں علما ے کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ
ابھی کچھ دن قبل میری بہن کو اس کے شوہر نے طلاق دیا اور اس کے مہر کی رقم اب تک شوہر نے ادا نہیں کیا ہے، ا س کے متعلق حکم شرع بتائیں ، نیز جب ان دونوں کا رشتہ ہوا تھا اس وقت مرد نے لڑکی کو کچھ تحفے دیئےتھے تو کیا اب ان تحفوں کو بھی لوٹانا پڑے گا ؟ آپ حضور والا سے گزارش ہے کہ مجھے جواب عنایت فرمائیں ،عین نوازش ہو گی ؟
المستفتی:محمد اجمل کوکنی ناسک،مہاراشٹر
﷽
*حامداومصلیا ومسلماالجوابـــــــــ بعون الملک الوھاب*
صورت مسئولہ میں سائل نے استفتا میں اس امر کی وضاحت نہیں کی کہ یہ طلاق دینا میاں بیوی میں خلوت صحیحہ یا وطی سے قبل ہوئی ہے یا بعدخلوت صحیحہ وبعد وطی، نیز یہ بھی صاف طور پر نہیں لکھا کہ دونوں میں مہر مقرر ہوا تھا یا نہیں؟ ایسی صورت میں مہر کے حوالے سے کئی صورتیں ہیں اور ہر صورت کا حکم مختلف ہے، ذیل میں تمام صورتوں کو جداجدا اور ان کے احکام الگ الگ تفصیل سے لکھے جاتے ہیں۔
[۱]۔۔۔اگر عورت کا مہرمقرر تھا اور میاں بیوی میں ہمبستری یا خلوت صحیحہ ہو جانے کے بعد عورت کو طلاق ہوئی تو عورت کو مقرر شدہ پورا مہر ملے گا،اس میں سے کچھ کمی نہیں ہوگی۔
[۲]۔۔۔اور اگر مہر مقرر تھا اور میاں بیوی میں ہمبستری یا خلوت صحیحہ سے پہلے عورت کو طلاق ہو گئی تو عورت کو آدھا مہر ملے گا ، البتہ اگر شوہر زیادہ دینا چاہے تو دے سکتا ہے ،مگر نصف مہر سے زیادہ دینا شوہر پر واجب نہیں ۔
[۳]۔۔۔اور اگر عورت کا مہر مقرر نہ ہو ا تھا اور طلاق واقع ہو گئی تو دیکھیں گے کہ یہ طلاق وطی یا خلوتِ صحیحہ سے قبل ہو ئی یا بعد؟ اگر طلاق وطی یا خلوت صحیحہ ہو جانے کے بعد طلاق ہوئی تو عورت کو مہر مثل ملے گا اوراگر میاں بیوی کے درمیان وطی یا خلوت صحیحہ ہو جانے سے قبل طلاق ہو ئی تو عورت کوچند مخصوص سامان دیا جائے گاجنہیں عربی میں ’’متعہ‘‘کہاجاتاہے اور مخصوص سامان سے مرادعورت کے پوشاک جیسےقمیص ،پاجامہ ،دو پٹا ہے۔اور مہر مثل سے مراد :عورت کے والد کی طرف سے خاندان کی اس جیسی عورتیں جیسے عورت کی بہن ، پھوپھی،چچا کی بیٹی و غیرہا کا جو مہر مقرر ہوا ہوہے ،اس کو بھی وہی مہر ملے گا ۔
فتاویٰ ہندیہ میں ہے :ــ
’’والمھر یتأکد باحد معان ثلاثۃ :الدخول والخلوۃ الصحیحۃ ، و موت احد الزوجین ، سوا ء کان مسمیٰ ، او مہرالمثل حتی لا یسقط منہ شیءبعد ذلک الا بالابراء من صاحب الحق کذا فی البدائع ، ان تزوجھا و لم یسم لھا مھر او تزوجھا علی ان لا مہرلھا ، فلھا المہر مثلھا ان دخل بھا او مات عنھا ،وکذا اذا ماتت ھی فان طلقھا قبل الدخول والخلوۃ فلھا المتعۃ ‘‘
[کتاب النکاح الباب السابع ، الفصل الثانی ،فیما یتأکد بہ المہر المتعۃ ،ج۱،ص:۳۷۹ ،مکتبہ فیصل ]
فتاویٰ رضویہ میں ہے :
خلوت صحیحہ وجوب مہر کی شرط نہیں، وجوب مہر تو عقد نکاح سے ہوتا ہے ،ہاں خلوت سے مہر متأکد ہو جاتا ہے ،بایں معنٰی کہ اگر پیش از وطی و خلوت صحیحہ طلاق دیتا تو نصف مہر لازم آتا ہے ،اب کہ خلوت واقع ہو گئی کل لازم آئے گا ۔
[فتاویٰ رضویہ ،مترجم،ج۱۲،ص۱۴۳:]
صدرالشریعہ مفتی امجد علی اعظمی قدس سرہ تحریرفرماتے ہیں :
نکاح میں مہر کا ذکر ہی نہ ہوا یا مہر کی نفی کر دی کہ بلا مہر نکاح کیا تو نکاح ہو جائے گا ، اور اگر خلوت صحیحہ ہو گئی یا دونوں سے کوئی مر گیا تو مہر مثل واجب ہے بشرط کہ بعد عقد آپس میں کوئی مہر طے نہ پایا گیا ہو اور اگر طے ہو چکا تو وہی طے شدہ ہے، یو ہیں اگر قاضی نے مقرر کر دیا تو جو مقرر کر دیا وہ ہے اور ان دونوں صورتوں میں مہر جس چیز سے مؤکد ہو تا ہے ،وہ مؤکد ہو جائے گا اور اگر مؤکد نہ ہوا بلکہ خلوت صحیحہ سے پہلے طلاق ہو گئی ،تو ان دونوں صورتوں میں بھی ایک جوڑا کپڑا واجب ہے یعنی کرتہ ،پاجامہ، دو پٹا۔
[بہار شریعت ، مہر کا بیان ،ج۲،ص۶۶]
بوقت رشتہ (منگنی)دلہن کو دوطرح کی چیزیں دی جاتی ہیں،اول:جوڑے ۔اوردوسرے:زیورات ۔ان شہروں میں اول میں عرف یہ ہے کہ اس قم کی چیزیں بطورتحفہ وتملیک دی جاتی ہیں،انھیں واپس لینا کچھ بھی متصورنہیں ہوتا یہی وجہ ہے کہ عورت کو اپنے طورپر ان جوڑوں کو برتنے کا حق ہوتاہے،اس میں شوہر یاوالدین زوج کا کسی قسم کا کوئی تصرف وخلل نہیں رہتا ،لہذااس قسم کی چیزوں کی مالک بعد قبضہ دلہن ہے اور بصورتِ تفریق وطلاق عورت پر اس طرح کی چیزوں کو لوٹانا لازم نہیں ، اورزیورات میں عرف یہ ہے کہ یہ چیزیں بطور عاریت صرف پہننے کو دی جاتی ہیں نہ کہ بطورتملیک اورہبہ کے ،الا یہ کہ دولہا یا اس کے اہل خانہ نےصراحت کردی ہو کہ یہ زیورات دلہن کو بطورتملیک وہبہ یا مہر میں دیے جاتے ہیں،اس صورت کا حکم یہ ہےکہ اس کی مالک بھی عورت ہے،بعد طلاق اس کا بھی لوٹانا واجب نہیں،ہاں بطورمہر دینے کی تصریح کے سبب اتنا مہر میں وضع ہوجائے گا ،صورت مسئولہ میں اگر دولہا یا اس کے اہل خانہ نے بوقت رشتہ دلہن کو وہ زیورات مالک بنانے کےطورپر دیے تھے تو اس کی مالک دلہن ہے اوربعد طلاق ان کا لوٹانا لازم وضروری نہیںیا بطورمہردینے کی تصریح کردی ہوتب بھی وہ ملک زن ہے ہاں اِ س صورت میںجتنا دیااتنا مہر میں وضع ہوجائے گااوراگر یہ دونوں صورتیں نہ ہوں تو بربناے عرف زمان وعادتِ بلاد اس کا مالک دولہا یا اس کے اہل خانہ ہیں اوربعد طلاق ان سب کا لوٹانا لازم وضروری ہے ۔
ردالمحتارحاشیہ درمختار میں ہے:
’’ومن ذلک مایبعثہ الیھاقبل الزفاف فی الاعیاد والمواسم من نحو ثیاب وحلی وکذا مایعطیھا من ذلک اومن دراھم اودنانیر صبیحۃ لیلۃ العرس ویسمی فی العرف’’صبحۃ‘‘فان کل ذلک تعورف فی زماننا کونہ ھدیۃ لامن المھر ولاسیما المسمی صبحۃفان الزوجۃ تعوضہ عنھا ثیابا ونحوھا صبیحۃ العرس ایضا۔‘‘
[کتاب النکاح،باب المھر،مطلب فیما یرسلہ الی الزوجۃ،ج۴:،ص ۳۰۳:]
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
’’بعث الزوج الی اھل زوجتہ اشیاء عند زفافھا منھا دیباج ،فلما زفت الیہ اراد ان یستردمن المرأۃ الدیباج لیس لہ ذلک اذا بعث الیھا علی جھۃ التملیک وقال فی الواقعات:ان کان العرف ظاھرا بمثلہ فی الجھاز کما فی دیارنا فالقول قول الزوج وان کان مشترکا فالقول قول الاب ملخصا‘‘
[کتاب النکاح،الباب التاسع فی المھر،الفصل السادس عشر فی جھاز البنت،ج۱:،ص ۳۹۳:،مکتبہ :فیصل]
امام اہل سنت امام احمدرضا قدس سرہ تحریرفرماتے ہیں:
جہیز تو سب عورت کا ہےاس میں کسی کاحق نہیں،اورچڑھاوے کا اگر عورت کو مالک کردیاگیا تھا ،خاص صراحۃً کہہ دیاتھا کہ ہم نے اس کا تجھے مالک کیا یا وہاں کے رسم وعرف سے ثابت ہو کہ تملیک ہی کے طورپر دیتے ہیں جب تو وہ بھی عورت ہی کی ملک ہے ورنہ جس نے چڑھایا اس کی ملک ہے،باقی مال وزر جو اپنے باپ کے یہاں سے لائی یا شوہر کے باپ نے بطورتملیک اس کو دیا یعنی ہبہ کرکے قبضہ دے دیا وہ بھی عورت ہی کی ملک ہے اوراگر گھر کے خرچ کے لیے دیا اورمالک نہ کیا یا بطور امانت اس کے پاس تھا تو شوہر یا اس کا باپ جس کا تھا اسی کاہے۔[فتاویٰ رضویہ قدیم،کتاب النکاح ،باب الجہاز،ج۵:،ص ۵۶۲:]۔واللہ تعالیٰ اعلم ۔
کتبــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
ابوالاختر مشتاق احمد امجدی غفرلہ
خادم:ازہری دارالافتاء،ناسک
امام احمدرضا لرننگ اینڈریسرچ سینٹر،ناسک
۴؍جمادی الآخرہ ۱۴۴۸ھ مطابق ۱۶؍نومبر ۲۰۲۶ء




Leave A Comment